اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان کا ضلع جہلم سے ضلع اٹک تبادلے کے موقع پر جہلم جمخانہ کلب میں پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد

تقریب میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت

0

جہلم ( اقبال خان)اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان کا ضلع جہلم میں دورِ تعیناتی اختتام پذیر ہوا، ضلع اٹک میں تبادلے کے موقع پر جہلم جمخانہ کلب میں پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر تیمور خان کی تحصیل دینہ میں انجام دی جانے والی انتظامی خدمات، عوامی مسائل کے حل، تعمیر و ترقی اور شہر کی خوبصورتی و تزئین میں کردار کو سراہا گیا۔

تقریب کے دوران اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان کی محنت، لگن، ذمہ دارانہ طرزِ عمل، خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء نے ان کے دورِ تعیناتی کے دوران تحصیل دینہ میں انتظامی امور کی بہتری، عوامی سہولیات کی فراہمی، تعمیر و ترقی اور خوبصورتی و تزئین کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو قابلِ قدر قرار دیا۔ افسران نے ان کے ساتھ گزری خوشگوار پیشہ ورانہ رفاقت اور یادگار لمحات کا بھی ذکر کیا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان کو ان کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی شیلڈ پیش کی گئی، جبکہ تقریب میں شریک افسران کی جانب سے بھی انہیں تحائف پیش کیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے انہیں نیک جذبات اور دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا اور ضلع اٹک میں نئی ذمہ داریوں کی کامیاب انجام دہی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.