دینہ ( اقبال خان)ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا تھانہ دینہ میں کھلی کچہری کا انعقاد
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم جناب طارق عزیز سندھو صاحب کی زیرِ صدارت تھانہ دینہ میں ایک اہم کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس کھلی کچہری کا مقصد عوام کو براہِ راست پولیس سے رابطے کا موقع فراہم کرنا اور ان کے مسائل کو سن کر فوری حل نکالنا تھا۔
ڈی پی او صاحب نے شہریوں کی شکایات، تجاویز اور مسائل کو نہایت تحمل اور توجہ سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ ان معاملات کو فوری اور منصفانہ طریقے سے نمٹایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس صرف قانون نافذ کرنے والا ادارہ نہیں بلکہ عوام کی خدمت، تحفظ اور اعتماد کا امین ہے۔ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا اور ایک ایسا ماحول پیدا کرنا ہے جہاں ہر فرد خود کو محفوظ اور بااعتماد محسوس کرے۔
ڈی پی او جہلم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع بھر میں قانون کی بالادستی، انصاف کی بروقت فراہمی اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔