وطن عزیز پر قربان ہونے والے شہید طیب رمضان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی،ڈی پی او، ڈپٹی کمشنر جہلم سمیت اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی

جہلم۔(اقبال خان )وطن عزیز پر قربان ہونے والے شہید طیب رمضان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ڈی پی اور جہلم طارق عزیز سندھو، ڈپٹی کمشنر جہلم سمیت اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی
ڈپٹی کمشنر جہلم کی پنڈ دادن خان میں شہید سپاہی محمد طیب کے جنازہ میں شرکت، جرات و بہادری کو خراج تحسین ، تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سپاہی محمد طیب جو پاک افغان سرحد پر فائرنگ کے تبادلے میں قوم کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کر گئے، انہیں آبائی علاقے میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ شہید محمد طیب کا تعلق ضلع جہلم کی تحصیل پنڈ دادن خان کے علاقے جھگیاں سے تھا۔ان کی نمازِ جنازہ میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے شہید کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع میں دی گئی ہر قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
نمازِ جنازہ میں اعلیٰ عسکری حکام اور سپاہی کی یونٹ کے ساتھیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ علاقہ کے معززین اور ہزاروں سوگوار افراد بھی موجود تھے۔
شہید کے جسدِ خاکی کو فوجی اعزاز کے ساتھ سلامی دی گئی اور پاک فوج کے دستے نے پرچم میں لپٹے ہوئے تابوت کو کندھوں پر اٹھا کر سلامی دی ۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی، شرکاء نے شہید محمد طیب کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا جس نے وطن کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے شہید کے خاندان سے تعزیت کی اور یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔