ضلعی امن کمیٹی جہلم کا اہم اجلاس؛ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی صدارت، مختلف مسالک کے علماء اور ممبران کا شر پسندوں کے بائیکاٹ کا عہد،

جہلم ۔( بیورو چیف ) ضلعی امن کمیٹی جہلم کا اہم اجلاس؛ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی صدارت، مختلف مسالک کے علماء اور ممبران کا شر پسندوں کے بائیکاٹ کا عہد، ضلع جہلم میں بین المسالک ہم آہنگی اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی امن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو نے کی۔اجلاس میں ضلع بھر کے مختلف مسالک (بشمول اہلِ سنت، اہلِ تشیع، دیوبندی اور بریلوی مکاتبِ فکر) سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام اور ممبرانِ امن کمیٹی نے شرکت کی۔تمام مسالک کے علماء کرام اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ کل بروز جمعہ اور آئندہ بھی ضلع میں امن خراب کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے متفقہ طور پر عہد کیا کہ وہ کسی بھی مذہبی جماعت کی حمایت میں ہڑتال نہیں کریں گے اور شر پسندی اور انتشار پھیلانے والے عناصر کا مکمل بائیکاٹ کریں گے۔ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کے قیام میں مختلف مسالک کے علما کرام کے بھرپور تعاون اور مثبت کردار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی اور "شر پسندی کرنے والوں کو نشانِ عبرت بنایا جائے گا”۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے ضلع میں مستقل قیامِ امن کے لیے اپنی مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔