اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے اپنے ریٹائر ہونے والے ڈرائیور محمد ذوالفقار کی طویل اور بے داغ خدمات کے اعتراف میں انہیں شاندار خراجِ تحسین پیش کیا
تقریب کے دوران کیک کاٹا گیا اور اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے ریٹائر ہونے والے ملازم کو پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے ان کی محنت اور وفاداری کو سراہا
جہلم (اقبال خان): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر سرکاری ملازمین کی حوصلہ افزائی اور ان کی تکریم کی اعلیٰ روایت قائم کرتے ہوئے تحصیل سوہاوہ میں ایک منفرد اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے اپنے ریٹائر ہونے والے ڈرائیور محمد ذوالفقار کی طویل اور بے داغ خدمات کے اعتراف میں انہیں شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب کے دوران کیک کاٹا گیا اور اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے ریٹائر ہونے والے ملازم کو پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے ان کی محنت اور وفاداری کو سراہا۔
تقریب کا سب سے یادگار اور جذباتی لمحہ وہ تھا جب اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے محمد ذوالفقار کو اعزازی طور پر اپنی کرسی پر بٹھایا۔ یہ اقدام ان کی برسوں پر محیط مخلصانہ خدمات اور انکساری کا عملی اعتراف تھا، جس نے نہ صرف ریٹائر ہونے والے ملازم بلکہ تمام حاضرین کو بھی جذباتی کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اس خوبصورت اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محنتی اور دیانتدار ملازمین ادارے کا حقیقی اثاثہ اور فخر ہوتے ہیں، اور ان کی عزت افزائی سے دوسرے ملازمین کے مورال میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنی کرسی پر بٹھانے کا مقصد یہ واضح پیغام دینا ہے کہ ہر ایماندار اور مخلص ملازم انتظامیہ کی نظر میں نہایت قابلِ احترام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ اپنے عملے کی فلاح و بہبود اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھنے کی روایت برقرار رکھے گی۔ تقریب کے اختتام پر محمد ذوالفقار کی مستقبل کی زندگی کے لیے نیک تمناؤں اور دعا خیر کی گئی۔