صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب خواجہ عمران نذیر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں پہلی جدید کارڈیک کیتھرائزیشن لیبارٹری (کیتھ لیب) کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

مشیر صحت پنجاب میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر کیانی، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور کثیر تعداد میں سماجی شخصیات نے شرکت

0

 

جہلم ۔( اقبال خان ) ضلع جہلم میں دل کے علاج کا نیا دور، صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب خواجہ عمران نذیر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں پہلی جدید کارڈیک کیتھرائزیشن لیبارٹری (کیتھ لیب) کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے جس کے بعد ضلع کی سطح پر دل کے علاج کی اعلیٰ ترین سہولیات دستیاب ہو گئی ہیں۔ افتتاح کی اس باوقار تقریب میں مشیر صحت پنجاب میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر کیانی، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور کثیر تعداد میں سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ حکومت کے انقلابی پروگرام کے تحت پنجاب کے 16 اضلاع میں مرحلہ وار کیتھ لیبز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو علاج کے لیے دور دراز کے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہلم میں اس لیب کے آغاز سے دل کے مریضوں کو اب اپنے ہی شہر میں اینجیو گرافی، اینجیو پلاسٹی، پرائمری پی سی آئی اور عارضی پیس میک جیسی انتہائی اہم طبی سہولیات میسر ہوں گی۔ مشیر صحت پنجاب ڈاکٹر اظہر کیانی نے تقریب کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کیتھ لیب کا قیام ضلع جہلم کے لیے صحت کے شعبے میں ایک بڑا سنگ میل ہے جہاں ماہر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف جدید مشینری کے ذریعے دل کے امراض کا علاج کریں گے، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ ہنگامی حالات میں قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ بھی ممکن ہو سکے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.