ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات کے تحت ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں امام مساجد کے لیے اعزازیہ پے آرڈرز کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز

0

جہلم (اقبال خان): وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات کے تحت ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈ دادنخان میں امام مساجد کے لیے اعزازیہ پے آرڈرز کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس اہم اقدام کا بنیادی مقصد مذہبی پیشواؤں کی گرانقدر خدمات کا سرکاری سطح پر اعتراف کرنا اور ان کی معاشی معاونت کو یقینی بنانا ہے۔
​ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر تحصیل جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈ دادنخان کی میونسپل کمیٹیوں میں خصوصی "اعزازیہ ڈیسک” قائم کر دیے گئے ہیں۔ ان ڈیسک کا مقصد امام صاحبان کو طریقہ کار اور ضروری دستاویزات کی فراہمی میں مکمل معاونت اور راہنمائی فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں اپنے اعزازیہ کے حصول میں کسی قسم کی دشواری یا انتظامی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
​تمام تحصیلوں میں امام صاحبان نے جنوری کے پے آرڈرز وصول کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اعزازیہ کی بروقت ادائیگی مذہبی طبقات کے احترام اور ان کی خدمات کی قدر افزائی کی عملی مثال ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اس پورے عمل کو انتہائی شفاف طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔
​ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو پابند کیا ہے کہ پے آرڈرز کی تقسیم کے عمل کی نگرانی خود کریں تاکہ تمام حق دار امام مساجد کو ان کا اعزازیہ بغیر کسی تاخیر کے مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور معاشرے کے اہم طبقے کی فلاح و بہبود کی طرف ایک مثبت قدم ہے، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام ضروری سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.