ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈسٹرکٹ جیل جہلم کا دورہ کیا

الصفاء تنظیم کے تعاون سے نصب کیے گئے واٹر بورہول کا باقاعدہ افتتاح کیا

0

جہلم (اقبال خان): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈسٹرکٹ جیل جہلم کا دورہ کیا اور الصفاء تنظیم کے تعاون سے نصب کیے گئے واٹر بورہول کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس منصوبے کا مقصد جیل میں قیدیوں اور عملے کے لیے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو مستقل بنیادوں پر یقینی بنانا ہے۔
افتتاح کے بعد ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے سپرنٹنڈنٹ جیل اور الصفاء تنظیم کی ٹیم کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں قیدیوں کی بحالی کے لیے مستقبل کے منصوبوں پر مشاورت کی گئی، جس کے تحت ضلعی انتظامیہ جہلم، الصفاء تنظیم کے اشتراک سے جیل میں ایک خصوصی تربیتی مرکز قائم کرنے جا رہی ہے۔ اس مرکز میں قیدیوں کو اسلامی تعلیمات کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں فنی مہارتوں (Skills Training) کی تربیت دی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کو ہنر مند بنا کر انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانا ہماری ترجیح ہے تاکہ وہ رہائی کے بعد باعزت روزگار کما سکیں۔ انہوں نے الصفاء تنظیم کی ٹیم کے فلاحی جذبے کو سراہا اور جیل انتظامیہ کو تربیتی سیٹ اپ کی جلد تکمیل کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.