ضلعی انتظامیہ جہلم نے عوامی سہولیات کی بہتری اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید فعال بنانے کے لیے "ڈسٹرکٹ انسپکشن ٹیمیں” تشکیل
جہلم (اقبال خان): وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ جہلم نے عوامی سہولیات کی بہتری اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید فعال بنانے کے لیے "ڈسٹرکٹ انسپکشن ٹیمیں” تشکیل دے دی ہیں۔ ان ٹیموں کے قیام کا بنیادی مقصد فیلڈ میں جاری ترقیاتی و اصلاحی کاموں کی کڑی نگرانی کرنا اور سرکاری احکامات پر عملدرآمد کو سو فیصد یقینی بنانا ہے۔
ان اسپیشل ٹیموں کو خصوصی ٹاسک دیے گئے ہیں جن میں ضلع بھر میں کھلے مین ہولز کی نشاندہی اور انہیں فوری طور پر ڈھانپنے کے عمل کی نگرانی شامل ہے تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔ اس کے علاوہ یہ ٹیمیں "ستھرا پنجاب” مہم کے تحت صفائی کے انتظامات کا معائنہ کریں گی اور آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے جاری مہم کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیں گی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اس حوالے سے بتایا کہ یہ انسپکشن ٹیمیں انتظامیہ اور عوام کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کریں گی، جن کا کام محض معائنہ کرنا نہیں بلکہ خامیوں کو دور کر کے شہریوں کو محفوظ اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔ تمام ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر اپنی مانیٹرنگ رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہوں گی۔