اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے مین بازار سوہاوہ کا تفصیلی دورہ

0

جہلم (اقبال خان ): وزیراعلیٰ پنجاب کے شہروں کی خوبصورتی کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے مین بازار سوہاوہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا بنیادی مقصد شہر کی بیوٹی فکیشن سکیم پر جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینا اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا تھا۔ انہوں نے بازار میں جاری تعمیراتی کاموں کے معیار اور رفتار کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔
​ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے بیوٹی فکیشن سکیم پر مامور ٹھیکیدار کو سخت ہدایت کی کہ کام کی رفتار کو فوری طور پر تیز کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے کی تکمیل میں کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے ٹھیکیدار کو پابند کیا کہ افرادی قوت میں اضافہ کر کے بیوٹی فکیشن کے کام کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو سہولت میسر آ سکے۔
​ترقیاتی کاموں کے معائنے کے ساتھ ساتھ اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے طور پر بازار میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف دکانوں پر ریٹ لسٹیں چیک کیں اور دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ حکومت پنجاب کے مقرر کردہ نرخوں پر معیاری اشیاء کی فروخت یقینی بنائیں۔ انہوں نے گراں فروشی اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے والے دکانداروں کو سخت وارننگ دی کہ خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
​اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی وزیراعلیٰ پنجاب کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے جس کی مانیٹرنگ روزانہ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ وہ بازار میں تجاوزات کے خاتمے اور صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنائیں تاکہ بیوٹی فکیشن منصوبے کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتظامیہ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی سربراہی میں مارکیٹ کے حالات اور ترقیاتی کاموں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.