جہلم (اقبال خان): وزیراعلیٰ پنجاب کے "صحت مند پنجاب” ویژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنرز نے ضلع کے مختلف ہسپتالوں اور ہیلتھ کلینکس کے ہنگامی دورے کیے۔ ان دوروں کا مقصد عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور عملے کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبدالسمیع شیخ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (DHQ) ہسپتال جہلم کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، او پی ڈی اور فارمیسی کا دورہ کیا اور مریضوں سے فراہم کردہ طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ عبدالسمیع شیخ نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ادویات کی مفت فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مثالی بنایا جائے۔
دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفا عابد نے "مریم نواز ہیلتھ کلینک” سوہن کا دورہ کیا۔ انہوں نے کلینک میں موجود طبی آلات، عملے کی حاضری اور ریکارڈ کا معائنہ کیا۔ صفا عابد نے کہا کہ دیہی علاقوں میں قائم یہ کلینکس عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے عملے کو پابند کیا کہ وہ ڈیوٹی کے اوقات میں موجود رہیں اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہسپتالوں کے باقاعدگی سے دورے جاری رکھیں تاکہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے سائلین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ طبی سہولیات کی فراہمی میں غفلت برتنے والے عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی کیونکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔