پریس کلب دینہ کے انتخابات — صحافتی اتحاد کی خوبصورت مثال . . . . تحریر سید امیر احمد شاہ

0

پریس کلب دینہ کے انتخابات — صحافتی اتحاد کی خوبصورت مثال
پریس کلب دینہ کے انتخابات احسن انداز میں مکمل ہونا خوش آئند امر ہے۔ الحمدللہ یہ جمہوری عمل نہایت خوشگوار ماحول میں پایۂ تکمیل کو پہنچا، جس میں تمام صحافی برادری نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے حقِ رائے دہی کا ذمہ داری کے ساتھ استعمال کیا۔ انتخابات میں ورکنگ جرنلسٹ پینل کی کامیابی صحافتی برادری کے اعتماد کا واضح اظہار ہے، جبکہ پروفیشنل جرنلسٹ پینل کے رضوان سیٹھی کا جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر کامیابی حاصل کرنا بھی صحافتی میدان میں ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔
انتخابی عمل کے دوران جس خوشگوار اور دوستانہ ماحول کا مظاہرہ کیا گیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔ تمام ساتھی صحافی ایک دوسرے سے خوش دلی کے ساتھ ملتے رہے، ہنسی مذاق اور مثبت گفتگو کا سلسلہ جاری رہا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دینہ کی صحافتی برادری نہ صرف پیشہ ورانہ لحاظ سے مضبوط ہے بلکہ باہمی احترام اور بھائی چارے کی اعلیٰ مثال بھی قائم کیے ہوئے ہے۔
اب جبکہ انتخابات کا مرحلہ بخیر و خوبی مکمل ہو چکا ہے، ضروری ہے کہ تمام دوست اور بھائی بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس جمہوری فیصلے کو خوش دلی سے تسلیم کریں۔ انتخابات میں جیت اور ہار جمہوری عمل کا حصہ ہوتی ہے، اصل کامیابی صحافت کی ساکھ، وقار اور اصولوں کی پاسداری میں ہے۔ اس وقت ہمیں اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ صحافت کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
صحافت ایک مقدس ذمہ داری ہے، جس کا بنیادی مقصد سچ کو اجاگر کرنا، عوام کی آواز بننا اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنا ہے۔ اگر ہم سب مل کر خلوصِ نیت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں تو نہ صرف صحافت کا وقار بلند ہوگا بلکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی بھی ممکن ہو سکے گی۔
دعا ہے کہ نو منتخب عہدیداران اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں اور پریس کلب دینہ کو ترقی، اتحاد اور صحافتی وقار کی نئی بلندیوں تک لے جائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.