دینہ (اقبال خان)موٹروے پولیس سوہاوہ کی موٹر سائیکل سواروں کے لیے خصوصی مہم "چالان نہیں، ہیلمٹ” کا آغاز عوامی سہولت کے لیے ہیلمٹ اسٹالز بھی قائم تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، سلطان احمد چوہدری کی خصوصی ہدایات پر سیکٹر این۔فائیو نارتھ ٹو سوہاوہ میں موٹر سائیکل سواروں کے لیے خصوصی آگاہی مہم چالان نہیں، ہیلمٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ مہم سیکٹر کمانڈر نارتھ ٹو جہلم، ایس ایس پی زاہد نذیر وریاہ کی زیر نگرانی جاری ہے۔ترجمان کے مطابق اس مہم کا مقصد موٹر سائیکل سواروں میں ہیلمٹ کے لازمی استعمال کو فروغ دینا، ٹریفک قوانین کی پاسداری یقینی بنانا اور شاہراہوں پر جانی نقصان کی شرح کو کم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں مندرہ، سوہاوہ اور جہلم ٹول پلازہ سمیت اہم مقامات پر آگاہی بینرز آویزاں کیے گئے ہیں اور شہریوں کو موقع پر بریفنگ دے کر محفوظ ڈرائیونگ، لین ڈسپلن اور ہیلمٹ کے استعمال سے متعلق رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔عوامی سہولت کے پیش نظر مقامی وینڈرز کے تعاون سے مختلف مقامات پر ہیلمٹ فروخت کرنے کے اسٹالز بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ شہری معیاری اور مناسب قیمت پر ہیلمٹ حاصل کر سکیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صرف قانونی کارروائی نہیں بلکہ عوام میں شعور اجاگر کرنا اور انہیں عملی سہولت فراہم کرنا ہے۔ابتدائی مرحلے میں خلاف ورزی کرنے والوں کو چالان کرنے کے بجائے آگاہی اور تنبیہ فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ رضاکارانہ طور پر قانون کی پاسداری کریں، تاہم مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں نے اس مثبت اقدام کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
موٹروے پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مستقبل میں بھی شاہراہوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ایسی آگاہی مہمات جاری رکھی جائیں گی۔