اوور اسپیڈنگ جان لیوا ہے، اس لیے اس سے اجتناب کریں۔ایس پی زاہد نذیر وریاہ
ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سیکٹر این فائیو نارتھ ٹو جہلم میں اوور اسپیڈنگ کے خلاف سخت انفورسمنٹ جاری

دینہ (اقبال خان)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سیکٹر این فائیو نارتھ ٹو جہلم میں اوور اسپیڈنگ کے خلاف سخت انفورسمنٹ جاری ۔ اوور اسپیڈنگ جان لیوا ہے، اس لیے اس سے اجتناب کریں۔ایس پی زاہد نذیر وریاہ
کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتِ پاکستان کی ہدایات کے مطابق موٹر ویز اور ہائی ویز پر رفتار کی نئی حدود نافذ کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری کی ہدایات اور ایڈیشنل آئی جی نارتھ ریجنل وصال فخر سلطان کے احکامات کی روشنی میں سیکٹر کمانڈر نارتھ ٹو جہلم ایس پی زاہد نذیر وریاہ کی زیر نگرانی خصوصی آگاہی اور انفورسمنٹ مہم جاری ہے۔
موٹر ویز پر کاروں اور ایل ٹی ویز کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ پی ایس ویز اور ایچ ٹی ویز کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح ہائی ویز پر کاروں اور ایل ٹی ویز کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ پی ایس ویز اور ایچ ٹی ویز کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔
اس سلسلے میں جہلم ٹال پلازہ سمیت مختلف مقامات پر وی ایم ایس اسکرینز اور آگاہی بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جبکہ موبائل ایجوکیشن یونٹ اور بریفنگ افسران روڈ یوزرز کو نئی سپیڈ لمٹس اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے حوالے سے آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔ اس موقع پر روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
مزید برآں مختلف مقامات اور مختلف اوقات میں سپیڈ چیکنگ اسکواڈز تعینات کیے گئے ہیں جو اوور اسپیڈنگ کے مرتکب ڈرائیورز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لا رہے ہیں۔ سیکٹر کمانڈر ایس پی زاہد نذیر وریاہ خود اس مہم کی نگرانی کر رہے ہیں اور روڈ یوزرز کو مقررہ رفتار کی پابندی کی اہمیت کے بارے میں بریفنگ دے رہے ہیں۔ موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مقررہ رفتار اختیار کریں، ایندھن کی بچت کریں اور شاہراہوں کو محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ سفر محفوظ اور خوشگوار بنایا جا سکے۔