دینہ(تحصیل رپورٹر)پریس کلب دینہ کا سالانہ فل ہاؤس اختتامی اجلاس، باڈی تحلیل، پانچ رکنی عبوری سیٹ اپ قائم
دینہ: پریس کلب دینہ کا سالانہ فل ہاؤس اختتامی اجلاس صدر پریس کلب دینہ احسان جنجوعہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا اس کے بعد ہدیہ نعت پیش کی گئی ۔اجلاس میں پریس کلب کی سالانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پریس کلب کے عہدیداران اور ممبران نے بھرپور شرکت کی۔
اجلاس کے دوران جنرل سیکرٹری پریس کلب دینہ نے سال نو 2027 کی آمد کے ساتھ موجودہ باڈی تحلیل کرنے کا اعلان کیا، جبکہ نئے سال میں پریس کلب دینہ کے انتخابات کے انعقاد تک امور چلانے کے لیے پانچ رکنی عبوری سیٹ اپ قائم کر دیا گیا۔ عبوری سیٹ اپ میں عمران منصور، ندیم عباس، شیخ عتیق الرحمن، غلام مرتضیٰ اور مصطفیٰ شاہ شامل ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پریس کلب دینہ احسان جنجوعہ نے کہا کہ ساتھی صحافیوں کے ساتھ ایک سال انتہائی اچھے ماحول میں گزرا، تمام ممبران نے بھرپور تعاون کیا جس پر وہ ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب دینہ کی اپنی عمارت کا حصول ہمارا بنیادی مطالبہ ہے، اس مقصد کے لیے جدوجہد کا آغاز کیا گیا ہے اور عمارت کے حصول تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والی باڈی کے ساتھ مل کر بھی اس بنیادی مطالبے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔
جنرل سیکرٹری پریس کلب دینہ نے اپنے خطاب میں تمام صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سال بھر پریس کلب کی بہتری کے لیے اپنی بھرپور کوشش کی۔ اگر دورانِ سال کوئی غلطی یا کوتاہی ہوئی ہو تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔
وائس چیئرمین پریس کلب دینہ ملک اسد اعوان نے موجودہ کابینہ کی کارکردگی کو سراہا، جبکہ چیئرمین پریس کلب دینہ ملک صداقت نے کہا کہ تمام دوستوں کی مشترکہ کاوشوں سے ایک سال کامیابی سے مکمل ہوا، آئندہ آنے والی باڈی سے مزید بہتری کی توقعات وابستہ ہیں۔
اس موقع پر انفارمیشن سیکرٹری پریس کلب دینہ محمد اقبال خان، ماجد آفریدی، مستنصر کیانی ،ندیم عباس نثار مغل اور رفاقت حیدری نے بھی پریس کلب کی موجودہ باڈی کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے عہدیداران کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اجلاس کے اختتام پر پریس کلب کی ترقی، صحافتی برادری کے اتحاد اور آئندہ انتخابات کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔