ڈینگی اور سموگ کے تدارک کے حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم صبا سحر کی زیر صدارت اجلاس
اجلاس میں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے اور سموگ کے اثرات کم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

- جہلم ( اقبال خان )جہلم: ڈینگی اور سموگ کے تدارک کے حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم صبا سحر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے اور سموگ کے اثرات کم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے اجلاس کے دوران ہدایت دی کہ ڈینگی لاروا کی تلاش کے لیے سرولینس مزید مؤثر بنائی جائے اور ہر علاقے میں ٹیموں کو متحرک کیا جائے۔ اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ اب تک ضلع میں 1674 سے زائد مقامات پر سروے مکمل کیا جا چکا ہے، ضلع بھر میں ڈینگی سرویلنس بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ تمام محکموں کو ہدایت کی گئی کہ فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو ڈینگی سے بچاؤ کے لیے آگاہی فراہم کی جائے۔ سموگ کے حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ فصلوں کی باقیات جلانے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، اور غیر قانونی بھٹوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ محکمہ ماحولیات کے افسران نے بتایا کہ سموگ کے انسداد کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہی ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے زور دیا کہ سموگ اور ڈینگی سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں اور شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔