ڈپٹی کمشنر جہلم کا بچے کو آوارہ کتے کاٹنے واقعہ کا فوری نوٹس ۔بہتر سے بہتر طبی سہولیات مہیا کرنے کی یقین دہانی
بچے کے والدین سے ضلعی انتظامیہ مکمل رابطے میں ہے ۔

- جہلم(اقبال خان ): تحصیل پنڈ دادنخان میں آوارہ کتے کے حملے میں زخمی ہونے والے دو سالہ بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اس کا بہترین علاج جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے پہلے سے جاری کتا مار مہم کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز پنڈ دادنخان میں آوارہ کتے کے حملے سے دو سالہ بچہ زخمی ہوا تھا ٹی ایچ کیو میں بچے کو ابتدائی طبی امداد دی گئی، تاہم اسپتال میں انستھیزیا اسپیشلسٹ کی عدم موجودگی کے باعث بچے کو مزید علاج کے لیے پمز اسپتال اسلام آباد ریفر کیا گیا۔
پمز اسپتال میں بچے کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اس کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ ضلعی انتظامیہ مسلسل بچے کے اہل خانہ سے رابطے میں ہے اور انہیں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کی گئی ہے۔
شہر میں آوارہ کتوں کے خاتمے کی مہم پہلے سے جاری ہے، جسے مزید تیز اور مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تمام متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ شہر سے آوارہ اور باؤلے کتوں کے فوری خاتمے کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔