سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نادیہ ثاقب نے مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) اظہر کیانی کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم کا تفصیلی دورہ

0

 

 

جہلم(اقبال خان  ):۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نادیہ ثاقب نے مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) اظہر کیانی کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس، سی او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر حیات، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر شکیل اور محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ سیکرٹری ہیلتھ نے ایمرجنسی وارڈ، گائنی وارڈ، بچوں کا وارڈ، کارڈیالوجی، فارمیسی اور لیبارٹری سمیت ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ڈاکٹروں اور نرسنگ اسٹاف کی حاضری اور ضروری طبی آلات کی دستیابی کو چیک کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور سہولیات بارے دریافت کیا۔ سیکرٹری ہیلتھ نادیہ ثاقب نے ہسپتال میں ڈاکٹروں اور معاون طبی عملے کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ تمام خالی اسامیوں کو جلد از جلد پر کیا جائے گا تاکہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور تمام سرکاری ہسپتالوں کو مطلوبہ عملہ اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ سیکرٹری ہیلتھ اور مشیر صحت پنجاب کو ٹراما سینٹر اور دیگر نئی وارڈز کے جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری نادیہ ثاقب نے زیر تعمیر ٹراما سینٹر کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ بقایا کام کے لیے جلد فنڈز جاری کیے جائیں گے تاکہ منصوبہ فوری طور پر مکمل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹراما سینٹر کے فعال ہونے سے ایمرجنسی مریضوں کو بروقت اور بہتر طبی سہولیات میسر ہوں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.