حکومت پنجاب کے لائیو سٹاک ریفارمز پروگرام کے تحت ضلع جہلم میں مویشی پال کسانوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈز کی تقسیم کا آغاز

جہلم(اقبال خان ): حکومت پنجاب کے لائیو سٹاک ریفارمز پروگرام کے تحت ضلع جہلم میں مویشی پال کسانوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈز کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا، کسانوں کی خوشحالی کیلئے پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار آسان قرضوں کی فراہمی کے لئے وزیر اعلی پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کا اجراء کیا گیا۔اسی سلسلے میں محکمہ لائیو اسٹاک کے زیر اہتمام وزیراعلی پنجاب لائیو سٹاک کارڈ تقسیم کی تقریب لائیو سٹاک کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ جس کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس تھے۔ اس موقع پر محکمہ لائیو سٹاک کے افسران، میڈیا نمائندگان اور کارڈ سکیم کے تحت منتخب ہونے والے کسان بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا یہ کسان دوست منصوبہ کسانوں کی خوشحالی اور زرعی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔ اس منصوبے سے نہ صرف لائیو سٹاک سیکٹر مضبوط ہوگا بلکہ ملک میں گوشت اور دیگر زرعی مصنوعات کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ تقریب میں کامیاب کسانوں کو لائیو سٹاک کارڈز تقسیم کیے گئے۔ رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے کارڈز تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ یہ سکیم کسانوں کی ضروریات کو پورا کرنے اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے اس موقع پر بتایا کہ پہلے مرحلے میں ضلع جہلم کے 97 کسانوں کو لائیو سٹاک کارڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ ان کارڈز کے ذریعے کسان رعایتی نرخوں پر ونڈہ اور دیگر ضروری اشیاء خرید سکیں گے، جو ان کے اخراجات کو کم کرنے اور پیداوار بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔