راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی سروسز کو ضلع جہلم میں توسیع دینے کے سلسلے میں جہلم میں افتتاحی تقریب کا انعقاد,رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی و ڈپٹی کمشنر جہلم کی بطور مہمان خصوصی شرکت

0

 

 

جہلم(اقبال خان  ): ضلع جہلم میں صفائی کے جدید دور کا آغاز، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی سروسز کو ضلع جہلم میں توسیع دینے کے سلسلے میں جہلم میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس تھے۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، شہریوں، میڈیا نمائندگان اور مختلف محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے جدید اور مؤثر نظام کو متعارف کروایا ہے۔ اس منصوبے کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ ایک معاہدہ طے پایا ہے، جس کے ذریعے ضلع جہلم کی تمام یونین کونسلز میں جدید مشینری سے صفائی کا نظام جدید خطور پر استوار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ہماری انتخابی مہم کے دوران عوام سے کیے گئے وعدوں کی عملی شکل ہے۔ اب زبانی دعوؤں کی جگہ عملی اقدامات نے لے لی ہے، جو سب کے سامنے ہیں۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ صفائی کا ایسا جدید نظام نافذ کیا جا رہا ہے جو تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ پہلے مرحلے میں کچرے کے ڈھیروں کا خاتمہ کیا جائے گا اور بعد ازاں گھر گھر سے کچرا اٹھانے کا منظم نظام نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے تحت 1300 افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں، جو نہ صرف صفائی کے نظام کو بہتر بنائیں گے بلکہ مقامی سطح پر خوشحالی لانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ صرف ایک ہفتے کے اندر اس منصوبے کے مثبت اثرات نمایاں ہونا شروع ہو جائیں گے۔ بلال اظہر کیانی نے ستھرا پنجاب پروگرام کو حکومت پنجاب کا ایک انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ماحول کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ عوام کو جدید صفائی کی سہولیات بھی فراہم کرے گا، جو علاقے کی ترقی کے لیے ایک مضبوط بنیاد ثابت ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پہلے مرحلے میں ضلع بھر سے کچرے کے ڈھیروں کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا، جس کے بعد ایک منظم اور جدید نظام کے تحت گھروں سے کچرا اٹھانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل میں صفائی کے لیے جدید مشینری اور سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ عوام کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.