اسرائیلی ظلم کے سامنے مسلم حکومتوں کی مجرمانہ خاموشی عالم اسلام میں تشویش پیدا کر رہی ہے ۔حافظ عبدالحمید عامر
مغرب کی اسلام دشمنی اور حقوق انسانیت کا جعلی بیانیہ بے نقاب ہو چکا ہے

اسرائیلی ظلم کے سامنے مسلم حکومتوں کی مجرمانہ خاموشی عالم اسلام میں تشویش پیدا کر رہی ہے ۔حافظ عبدالحمید عامر
مغرب کی اسلام دشمنی اور حقوق انسانیت کا جعلی بیانیہ بے نقاب ہو چکا ہے۔
جہلم (محمد زاہد خورشید )اسرائیلی ظلم کے سامنے مسلم حکومتوں کی مجرمانہ خاموشی عالم اسلام میں تشویش پیدا کر رہی ہے ،ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے اپنے ایک بیان میں کیا، انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی کھلم کھلا حمایت کے ساتھ اسرائیل اہل فلسطین پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، بچوں اور خواتین تک کو ذبح کر رہا ہے اور یہ سلسلہ کئی ماہ کی گنتی پوری کر چکا ہے ، لیکن مسلم حکومتیں خاموش تماشائی بنی ہوئیں ہیں، ستاون اسلامی ممالک میں کسی بھی طرف سے اسلامی حمیت و غیرت کا مظاہرہ نہیں ہو رہا، جس سے عالم اسلام کے شہری اذیت کا شکار ہو رہے ہیں اور فلسطینی بھائیوں کی تکالیف کو لے کر ان میں گہری تشویش پائی جا رہی ہے۔ا نہوں نے مزید کہا کہ ایسے موقع پر جذبانی نعرہ بازی کے ساتھ ساتھ اہل فکر و دانش کو مل کر لازمی طور پر کوئی مشترکہ لائحہ عمل بنانا چاہئے جس سے اہل فلسطین کے دکھ و درد کا کچھ مداوا ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کی سرزمین صرف فلسطینیوں کی ہے، وہاں پر قابض یہودیوں کو مستقل آباد کر کے فلسطینوں کو نکال کر امن قائم نہیں ہو سکتا وہ ارض مقدس ہے، فرمان نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق وہاں پر اہل حق کا ایک گروہ قیامت تک آباد رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت پاکستان سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ فلسطین کا مقدمہ بڑی جرأت کے ساتھ پیش کیا جائے اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے انہیں کم از کم فضائی تحفظ فراہم کیا جائے، پاکستانی عوام اس نظریہ میں یک آواز ہے۔