ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے زیر اہتمام اہم اجلاس، وکلاء کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کا اعلان

0

 

سوہاوہ ( احسن وحید )ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے زیر اہتمام اہم اجلاس، وکلاء کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کا اعلان

ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے زیراہتمام ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صدر ہائیکورٹ بار جناب احسن حمید للہ نے کی۔ اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن کی تمام متعلقہ بار ایسوسی ایشنز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں وکلاء برادری کو درپیش اہم مسائل، آئندہ کے لائحہ عمل اور بار ایسوسی ایشنز کے درمیان مؤثر رابطے کو فروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ بار انتخابات جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے منعقد کیے جائیں گے، جس میں تمام متعلقہ بارز کا فعال کردار ہوگا۔ وکلاء ویلفیئر فنڈ کے لیے وکالت نامہ پر 200 روپے کی فیس مقرر کرنے کی منظوری دی گئی، تاکہ مستحق وکلاء کی مالی معاونت یقینی بنائی جا سکے۔ گوجرخان میں نئے کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کے منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

بار ایسوسی ایشنز میں موجود جعلی ڈگری رکھنے والے وکلاء کی نشاندہی اور ان کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے سابق صدر سوہاوہ بار جناب چوہدری زبیر کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے، جب کہ تمام متعلقہ بارز کے سیکرٹریز کو اس کمیٹی کا ممبر بنایا گیا ہے۔ ایک باقاعدہ وکلاء ویلفیئر فنڈ قائم کیا جائے گا، جس سے بیمار، معذور یا وفات پا جانے والے وکلاء کے لیے کفن دفن سمیت مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ اس تجویز کو تمام شرکاء نے سراہا۔ ہائیکورٹ بار کے آئین میں ضروری ترامیم کی منظوری کے لیے جلد ہی ایک جنرل باڈی اجلاس طلب کیا جائے گا تاکہ بار کا آئندہ نظام بہتر اور مؤثر انداز میں چلایا جا سکے۔

اجلاس کی میزبانی کے فرائض ہائیکورٹ بار کے جنرل سیکرٹری ملک خلیل اعوان نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ ان کی انتظامی صلاحیتوں کو تمام شرکاء نے سراہا۔ اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ مسلح افواج کی حالیہ کامیابیوں پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تمام شرکاء نے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے اجلاس وکلاء کی یکجہتی اور مسائل کے حل کے لیے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ شرکاء نے صدر و جنرل سیکرٹری سمیت تمام عہدیداران کو خراج تحسین پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے اجلاس منعقد کیے جائیں تاکہ وکلاء برادری کی رہنمائی جاری رکھی جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.