تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ میں مستقل گائناکالوجسٹ تعینات، خواتین کو علاج معالجے کی سہولت دوبارہ فعال
تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ میں مستقل گائناکالوجسٹ تعینات، خواتین کو علاج معالجے کی سہولت دوبارہ فعال
سوہاوہ ( یاسر فہمید ) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ میں ڈاکٹر آمنہ پروین کو بطور گائناکالوجسٹ تعینات کر دیا گیا ہے، جس سے سوہاوہ اور گردونواح کی خواتین کو زچہ و بچہ سمیت امراضِ نسواں کے علاج معالجے کی سہولیات مقامی سطح پر میسر آئیں گی۔
ڈاکٹر آمنہ پروین کی تعیناتی سے خواتین کو گائناکالوجی سے متعلق طبی معائنے اور علاج کے لیے دیگر شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت میں کمی آئے گی، جبکہ ہسپتال میں خواتین کے لیے طبی سہولیات کی فراہمی مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔
یہ تعیناتی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی جہلم میاں مظہر حیات اور اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ محترمہ سمینہ بشیر کی خصوصی کاوشوں اور اقدامات کے نتیجے میں عمل میں آئی ہے۔
علاقے کے عوام نے ہسپتال میں گائناکالوجسٹ کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے سوہاوہ اور ملحقہ علاقوں کی خواتین کو بروقت اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔