محرم الحرام کے دوران ضلعی انتظامیہ اور میڈیا کا اشتراک امن کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔ڈپٹی کمشنر جہلم کی جہلم پریس کلب ممبران سے ملاقات

0

 

 

 

 

 

 

جہلم ۔( اقبال خان ) محرم الحرام کے دوران ضلعی انتظامیہ اور میڈیا کا اشتراک امن کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے تمام میڈیا ممبران ضلعی انتظامیہ کو محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے اپنی آراء اور تجاویز سے آگاہ کریں تاکہ ان مقدس ایام کو پرامن طریقے سے گزارا جا سکے یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے پریس کلب جہلم کے ممبران کے ساتھ میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر جہلم نے صحافی حضرات کو محرم الحرام کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات سیکیورٹی پلان اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی صحافیوں کے سوالات کے جواب میں ڈی سی جہلم نے بتایا کہ ضلع بھر میں کسی شخص کو نئی مجلس یا جلوس نکالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی پنجاب حکومت کے احکامات پر ضلع بھر میں ضلعی انتظامیہ 15 مختلف مقامات پر خود سبیلوں کا اہتمام کرے گی جبکہ دیگر سبیلیں لگانے والے حضرات کو ضلعی انتظامیہ سے اجازت حاصل کرنا ضروری ہوگا ڈی سی جہلم نے بتایا کہ تمام جلوسوں کے راستوں میں 500 سے زائد سیف سٹی کیمرے اور سی سی ٹی وی کیمرے موجود ہوں گے تاکہ جلوسوں کی مکمل نگرانی کی جا سکے اس موقع پر ڈی سی جہلم میثم عباس نے سکیورٹی پلان پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی کا پلان مکمل کرکے 800 سے زائد اہلکاروں کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے جبکہ کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے رینجرز کی ایک کمپنی ریزرو رکھی جائے گی ۔ جبکہ ٹریفک کو متبادل روٹس پر منتقل کرنے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دیا جا چکا ہے انہوں نے کہا کہ صحافی ہماری آنکھیں اور کان ہیں صحافیوں کے تعاون کے بغیر پرامن اور محفوظ معاشرے کا تصور نہیں ۔ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے تمام صحافی اپنی بھرپور ذمہ داری نبھاتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی قسم کی غیر معمولی صورتحال یا ممکنہ شرپسندی کے خدشے کی اطلاع سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ بروقت اقدامات کر کے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈی سی جہلم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کو محرم الحرام کے حوالے سے فوکل پرسن مقرر کیا جا رہا ہے جو ہر حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور میڈیا کے مابین کوارڈینیشن کو یقینی بنائیں گی اور صحافیوں کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گی۔اس موقع پر سینیئر صحافیوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی جانب سے میڈیا ممبران کو اعتماد میں لینے اور ہر اہم موقع پر میڈیا کو ساتھ لے کر چلنے پر ڈپٹی کمشنر جہلم اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے عشرہ محرم الحرام کو پرامن طور پر گزارنے کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا

Leave A Reply

Your email address will not be published.