
افغان طالبان کو پاکستان میں حملہ آور پراکسیز پر قابو پانا ہوگا: فیلڈ مارشل عاصم منیر
افغان طالبان کو پاکستان میں حملہ آور پراکسیز پر قابو پانا ہوگا: فیلڈ مارشل عاصم منیر
ایبٹ آباد: پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افغان طالبان کو پاکستان کے اندر دہشت گرد حملوں میں ملوث پراکسیز پر فوری طور پر قابو پانا ہوگا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہر ریاستی یا غیر ریاستی پراکسی کو خاک میں ملا دیا جائے گا، پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
فیلڈ مارشل نے یہ بات پی ایم اے کاکول میں 152 ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اس موقع پر مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس کو تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔
فیلڈ مارشل نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ نیوکلیئر انوائرمنٹ میں جنگ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو پاکستان توقعات سے بڑھ کر سخت جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی فوجی و اقتصادی بنیادوں پر تباہی اس کی سوچ سے بڑھ کر ہو گی۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال قابل تشویش ہے، اور افغان طالبان کو ایسی پراکسی تنظیموں کو لگام ڈالنی چاہیے جو افغانستان میں چھپ کر پاکستان میں حملے کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام کی قربانیاں اور تعاون دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کردار ادا کر رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت پر ریاستی دہشت گردی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہند اور فتنہ الخوارج کو ہائرڈ گنز کے طور پر استعمال کر کے بھارت نے اپنے بزدلانہ عزائم دنیا پر آشکار کر دیے ہیں۔
فیلڈ مارشل نے پاکستان کے کشمیر پر اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے فلسطین کے مسئلے پر دو ریاستی حل کی حمایت کا بھی اعادہ کیا، اور غزہ میں حالیہ جنگ بندی کی حمایت کی۔
انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کو پاکستان کے لیے اعزاز قرار دیا اور کہا کہ پاکستان حرمین شریفین کے دفاع کے لیے ہمیشہ تیار رہے گا۔ چین کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے امریکہ کے ساتھ بڑھتے ہوئے روابط کو خوش آئند قرار دیا۔
اپنے خطاب کے اختتام پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نوجوان کیڈٹس کو ملک و قوم کے لیے قربانی، کردار اور نظم و ضبط اپنانے کی تلقین کی اور کہا کہ دشمن آج بھی بے چین ہے لیکن پاکستانی قوم کا عزم بھی اتنا ہی مضبوط ہے۔ انہوں نے عوام، شہداء، ان کے خاندانوں، علما، سائنسدانوں، میڈیا، اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔