مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف 27 اکتوبر یوم سیاہ کے موقع پر جہلم میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک پرعزم اور عظیم الشان ریلی کا انعقاد

جہلم ۔( اقبال خان ) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر قیادت عظیم الشان ریلی بھارت کے خلاف شدید نعرے.تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف 27 اکتوبر یوم سیاہ کے موقع پر جہلم میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک پرعزم اور عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ریلی کی قیادت کی۔ریلی کا آغاز ڈی سی آفس سے ہوا اور شرکاء مارچ کرتے ہوئے پریس کلب تک پہنچے۔ ریلی کا بنیادی مقصد 27 اکتوبر 1947ء کو بھارت کی جانب سے کشمیر پر غیر قانونی فوجی یلغار کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرانا اور کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔
ریلی میں تمام مکاتب فکر کی نمائندگی کے علاوہ اعلیٰ سرکاری افسران اور مختلف محکموں کے سربراہان شامل تھے۔ اس کے علاوہ، طلباءو طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، جو کشمیر کاز کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کر رہے تھے۔ سماجی شخصیات اور سول سوسائٹی کے ارکان نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیر کے جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "کشمیر بنے گا پاکستان” اور "کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دو” جیسے مطالبات درج تھے۔ریلی کے شرکاء نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور عالمی برادری کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ فضا "بھارت کے خلاف” اور "کشمیریوں کے حق میں” نعروں سے گونج اٹھی۔ شرکاء نے واضح کیا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی مکمل ہونے تک پاکستانی قوم ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔
ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اور پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ریلی کا پیغام اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے لیے ہے کہ وہ بھارت کو کشمیری عوام کے بنیادی حق، حقِ خود ارادیت، کی فراہمی پر مجبور کریں۔