کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، صدر مملکت اور وزیراعظم کا نورخان ایئربیس پر ان کا پرتپاک استقبال
کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، صدر مملکت اور وزیراعظم کا نورخان ایئربیس پر ان کا پرتپاک استقبال
اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نورخان ایئربیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا، وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام بھی کرغزستان کے صدر کے استقبال کیلئے موجود تھے۔ کرغزستان کے صدر طیارے سے باہر آئےتو صدر مملکت آصف علی زرداری ان سے بغلگیر ہوئے جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ان سے پرجوش مصافحہ کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف کو پھول پیش کئے۔کرغزستان کے صدر کا اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم سے خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔ دونوں ملکوں کے پرچم تھامے بچوں نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ کرغزستان کے صدر کو اسلام آباد پہنچنے پر 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ صدر صادر ژپاروف دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے ہیں۔