کسی بھی قسم کی ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عبداسمیع اسسٹنٹ کمشنر جہلم
جہلم (اقبال خان): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر AC جہلم عبد السمیع شیخ نے پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور مالکان کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی مقررہ قیمتوں پر فروخت، پیمانوں کی درستگی اور پمپس پر فراہم کردہ سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ AC جہلم نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس میں پمپ مالکان کو ہدایت کی گئی کہ وہ پیمانوں کی باقاعدگی سے جانچ پڑتال کروائیں اور ڈسپنسنگ یونٹس کی حالت کو بہتر بنائیں۔ اس کے علاوہ پمپس پر موجود واش رومز کی صفائی اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات کو ہر صورت فعال رکھنے کی تاکید کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف مقامات پر پیٹرول پمپس کی اچانک چیکنگ اور مانیٹرنگ کا عمل بھی باقاعدگی سے جاری رہے گا۔
پمپ مالکان اور ایسوسی ایشن کے وفد نے انتظامیہ کو سرکاری ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی اور اپنے تعاون کا عزم ظاہر کیا۔ AC جہلم نے متعلقہ عملے کو بھی فیلڈ میں متحرک رہنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں تاکہ قیمتوں اور پیمانوں کی شفافیت برقرار رہے۔ اجلاس کے اختتام پر پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف انتظامی امور پر اتفاق کیا گیا۔