دینہ: اسسٹنٹ کمشنر محمد تیمور خان عید کے روز بھی متحرک، اجتماعی قربان گاہ، آر ایچ سی ہسپتال اور صفائی کے انتظامات کا تفصیلی دورہ

0

دینہ: اسسٹنٹ کمشنر محمد تیمور خان عید کے روز بھی متحرک، اجتماعی قربان گاہ، آر ایچ سی ہسپتال اور صفائی کے انتظامات کا تفصیلی دورہ
دینہ (اقبال خان):وزیر اعلیٰ پنجاب کے "ستھرا پنجاب” مشن اور عید الاضحیٰ کے موقع پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد تیمور خان عید کے دن بھی مکمل طور پر فیلڈ میں متحرک رہے۔ انہوں نے شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کر کے سیکورٹی، صفائی اور عوامی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر محمد تیمور خان نے دینہ میں قائم کردہ اجتماعی قربان گاہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے قربانی کے لیے کیے گئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا اور شہریوں کی جانب سے اجتماعی قربانی کے جذبے کو خوب سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اجتماعی قربانی سے نہ صرف نظم و ضبط قائم رہتا ہے بلکہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
عید کے روز صفائی ستھرائی کے حوالے سے انہوں نے "ستھرا پنجاب” مہم کے تحت مختلف علاقوں کا معائنہ کیا اور الائشوں کو فوری طور پر ٹھکانے لگانے کے عمل کی خود نگرانی کی۔ صفائی کے کاموں میں مصروف سینیٹری ورکرز اور نوجوان ملازمین سے ملاقات کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ان کی محنت کی تعریف کی اور تپتی دھوپ میں کام کرنے پر ان کا حوصلہ بڑھایا۔
عوامی صحت کی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر نے رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) دینہ کا اچانک دورہ بھی کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری کا رجسٹر چیک کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے فراہم کردہ طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کیں کہ عید کی تعطیلات کے دوران مریضوں کو ادویات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے اور ایمرجنسی خدمات کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے۔
شہریوں نے عید کے پرمسرت موقع پر بھی اسسٹنٹ کمشنر دینہ کی فیلڈ میں موجودگی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ان کی کوششوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.