اسسٹنٹ کمشنر دینہ کا مین بازار کا دورہ، "بیوٹیفیکیشن سکیم” کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ، سی او دینہ محمد فیصل کی بریفنگ
اسسٹنٹ کمشنر دینہ کا مین بازار کا دورہ، "بیوٹیفیکیشن سکیم” کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ، سی او دینہ محمد فیصل کی بریفنگ
دینہ (اقبال خان ): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "ستھرا پنجاب” اور شہروں کی خوبصورتی کے وژن کے تحت اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد تیمور خان نے دینہ مین بازار کا تفصیلی دورہ کیا اور شہر کی اہم "بیوٹیفیکیشن سکیم” کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر چیف آفیسر (سی او) دینہ محمد فیصل بھی ان کے ہمراہ تھے۔
تفصیلات کے مطابق، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر جہلم کی خصوصی ہدایات پر دینہ مین بازار کو خوبصورت اور ماڈل بنانے کے لیے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ دورے کے دوران چیف آفیسر بلدیہ محمد فیصل نے اسسٹنٹ کمشنر محمد تیمور خان کو بیوٹیفیکیشن سکیم، تعمیراتی مراحل، صفائی کے نظام اور سڑکوں کی بحالی کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت پر مکمل اور تفصیلی بریفنگ دی۔
اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے موقع پر جاری کام کی رفتار اور معیار کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود عملے کو سخت ہدایات جاری کیں کہ تمام تر ترقیاتی کاموں کو اعلیٰ معیار کے ساتھ جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ تاجر برادری اور عوام کو درپیش سفری و کاروباری مشکلات کا فوری خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق شہریوں کو ایک صاف ستھرا، کشادہ اور خوبصورت تجارتی مرکز فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس منصوبے میں کسی بھی قسم کی سستی یا معیار پر سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔