دینہ بیوٹیفکیشن سکیم: اسسٹنٹ کمشنر کا مین بازار کا دورہ، تاجروں اور عوام کا منصوبہ بندی پر شاندار خراجِ تحسین
دینہ بیوٹیفکیشن سکیم: اسسٹنٹ کمشنر کا مین بازار کا دورہ، تاجروں اور عوام کا منصوبہ بندی پر شاندار خراجِ تحسین
دینہ (اقبال خان): اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد تیمور خان نے شہر کی خوبصورتی اور پائیدار ترقی کے لیے شروع کی گئی "بیوٹیفکیشن سکیم” کے تحت مین بازار کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی اقدامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد فیصل نے اسسٹنٹ کمشنر کو جاری ترقیاتی کاموں، معیار اور اب تک کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اسسٹنٹ کمشنر محمد تیمور خان نے کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی تاکید کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ تمام ترقیاتی کاموں کو اعلیٰ معیار کے ساتھ جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو فوری ریلیف مل سکے۔
تاجر برادری اور عوامی حلقوں کا ردِعمل
مین بازار دینہ کی بیوٹیفکیشن کے بہترین اور خوبصورت کام پر تاجر برادری نے گہرے اطمینان کا اظہار کیا اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ کی ذاتی دلچسپی اور انتظام کاری کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
دوسری جانب عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس بیوٹیفکیشن وژن کو بے حد سراہا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ بازاروں کی یہ نئی اور جدید شکل دیکھ کر اب یہ اندازہ لگانا مشکل ہو جاتا ہے کہ ہم پاکستان کے کسی شہر میں کھڑے ہیں یا یورپ کی کسی ترقی یافتہ مارکیٹ میں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے کی تکمیل سے دینہ شہر کا نقشہ بدل جائے گا اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔