وزیراعلیٰ پنجاب کے متوقع دورہ جہلم کے انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی صدر پریس کلب ڈاکٹر سہیل امتیاز کی قیادت میں وفد سے ملاقات
وزیراعلیٰ پنجاب کے متوقع دورہ جہلم کے انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی صدر پریس کلب ڈاکٹر سہیل امتیاز کی قیادت میں وفد سے ملاقات
جہلم (اقبال خان): وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف صاحبہ کے متوقع دورہ جہلم کے انتظامات، تیاریوں اور سیکیورٹی امور کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے جہلم پریس کلب کے صدر ڈاکٹر سہیل امتیاز کی قیادت میں عہدیداران اور سینئر صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دورے کے انتظامی امور، سیکیورٹی تدابیر اور مختلف محکموں کی تیاریوں سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے وفد کو آگاہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے متوقع دورے کے پیش نظر ضلع بھر میں سیکیورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دورے کے دوران ضلع جہلم میں عوامی فلاح و بہبود، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں جاری اہم ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور عوامی فلاح کے منصوبوں کی مؤثر اور ذمہ دارانہ کوریج میں ذرائع ابلاغ کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے دورے کے دوران میڈیا کوریج کے حوالے سے صحافی برادری سے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کی اپیل کی۔ اس موقع پر صدر پریس کلب ڈاکٹر سہیل امتیاز نے صحافی برادری کی جانب سے دورے کی کوریج اور انتظامی امور کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔