جہلم: ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی ریاض حیدر کی اپنے استاد کے ساتھ احترام و عقیدت کی خوبصورت مثال، استاد کو اپنی نشست پر بٹھا کر مسائل توجہ سے سنے
جہلم:( اقبال خان) ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی ریاض حیدر کی اپنے استاد کے ساتھ احترام و عقیدت کی خوبصورت مثال، استاد کو اپنی نشست پر بٹھا کر مسائل توجہ سے سنے
جہلم: استاد کی عزت و تکریم ہمارے معاشرے کی ایک اہم اخلاقی اور سماجی روایت ہے، اسی روایت کی خوبصورت عملی مثال ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی ریاض حیدر نے قائم کر دی۔ ایس ایچ او ریاض حیدر نے اپنے استاد کی تھانے آمد پر انہیں نہایت عزت و احترام کے ساتھ اپنی نشست پر بٹھایا اور ان کے مسائل انتہائی توجہ، خندہ پیشانی اور احترام کے ساتھ سنے۔
اس موقع پر ایس ایچ او ریاض حیدر کا کہنا تھا کہ استاد انسان کی شخصیت سازی اور کردار سازی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ استاد وہ عظیم ہستی ہے جو انسان کو علم کے ساتھ ساتھ زندگی گزارنے کے اصول، اخلاق اور معاشرتی ذمہ داریوں کا شعور فراہم کرتا ہے۔ استاد کا مقام ہمیشہ والدین کے بعد انتہائی بلند اور قابل احترام رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج زندگی کے کسی بھی مقام پر پہنچنے کے باوجود انسان اپنے استاد کی محنت، رہنمائی اور شفقت کو فراموش نہیں کر سکتا۔ استاد کی دعائیں اور تربیت ہی طالب علم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ایس ایچ او ریاض حیدر کی جانب سے اپنے استاد کو اپنی نشست پر بٹھانے اور ان کے مسائل غور سے سننے کے اس خوبصورت عمل کو اہل علاقہ اور شہری حلقوں کی جانب سے سراہا گیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسے مناظر معاشرے میں احترام، اخلاق اور استاد کی عظمت کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں۔
عوامی حلقوں نے کہا کہ استاد کی عزت صرف ایک فرد کی نہیں بلکہ علم، تربیت اور آنے والی نسلوں کی عزت ہے۔ معاشرے میں اگر استاد کو وہ مقام اور احترام دیا جائے جس کا وہ مستحق ہے تو نوجوان نسل میں بھی ادب، اخلاق اور اپنے بڑوں کی عزت کا جذبہ مزید پروان چڑھ سکتا ہے۔
ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی ریاض حیدر کا اپنے استاد کے ساتھ یہ محبت، عقیدت اور احترام نہ صرف ایک خوبصورت روایت کی عکاسی کرتا ہے بلکہ معاشرے کے لیے یہ پیغام بھی ہے کہ انسان کامیابی کی بلندیوں تک پہنچ جائے، اپنے محسن اور استاد کا احترام ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے۔