ڈپٹی کمشنر جہلم کا ڈسٹرکٹ کونسل آفس کا اچانک دورہ، مختلف برانچز کی کارکردگی کا سخت جائزہ

وقت کی پابندی اور فرائض میں غفلت پر زیرو ٹالرنس کا واضح پیغام

0

ڈپٹی کمشنر جہلم کا ڈسٹرکٹ کونسل آفس کا اچانک دورہ، مختلف برانچز کی کارکردگی کا سخت جائزہ، وقت کی پابندی اور فرائض میں غفلت پر زیرو ٹالرنس کا واضح پیغام

جہلم (اقبال خان): ڈپٹی کمشنر جہلم محترمہ عاصمہ اعجاز چیمہ نے ڈسٹرکٹ کونسل آفس کا اچانک دورہ کرتے ہوئے مختلف برانچز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے عملے کی حاضری، دفتری اوقات کی پابندی، صفائی ستھرائی، سرکاری ریکارڈ اور دفتری امور کی انجام دہی کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف شعبوں کی کارکردگی کا معائنہ کرتے ہوئے ملازمین کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور انتظامی امور پر عمل درآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام افسران اور ملازمین دفتری اوقات کی سختی سے پابندی کریں اور اپنی تفویض کردہ ذمہ داریاں درست انداز میں بروقت انجام دیں۔ سرکاری امور کو غیر ضروری تاخیر کے بغیر مکمل کیا جائے، ریکارڈ کی درستگی برقرار رکھی جائے اور شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں ذمہ داری اور مستعدی کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو اپنے ماتحت عملے کی حاضری اور کارکردگی کی باقاعدہ نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

ڈپٹی کمشنر محترمہ عاصمہ اعجاز چیمہ نے واضح کیا کہ وقت کی پابندی، فرائض کی درست انجام دہی اور دفتری نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ سرکاری ذمہ داریوں میں غفلت، غیر حاضری اور کوتاہی کسی صورت قابل قبول نہیں، تمام افسران اور ملازمین اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.