ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ماہَم مشتاق کا ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کا معائنہ، طبی سہولیات، صفائی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ

0

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ماہَم مشتاق کا ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کا معائنہ، طبی سہولیات، صفائی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ

جہلم (اقبال خان): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ماہَم مشتاق نے چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ صحت کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی، طبی سہولیات، عملے کی حاضری اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ مجموعی صفائی کی صورتحال تسلی بخش پائی گئی، تاہم جہاں معمولی خامیاں سامنے آئیں، انہیں فوری طور پر دور کیا گیا۔ ہسپتال کی عمارت کی مناسب دیکھ بھال کے لیے فرش اور دیواروں کی متاثرہ ٹائلوں کی مرمت کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

دورے کے دوران عملے کی حاضری ڈیوٹی روسٹر کے مطابق پائی گئی جبکہ فارمیسی میں ادویات کی درجہ بندی، ترتیب اور انتظامات کا بھی معائنہ کیا گیا، جو تسلی بخش رہے۔ ہسپتال میں ماہر امراضِ نسواں کی دستیابی سے متعلق مسئلے کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایات کے مطابق ویمن میڈیکل آفیسرز کو اضافی چارج تفویض کیا گیا ہے تاکہ مریضوں کو گائنی کی طبی سہولیات کی فراہمی میں تعطل نہ آئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے انتظامی امور اور طبی خدمات کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ماہَم مشتاق نے مریضوں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے علاج معالجے کے معیار، طبی سہولیات اور ہسپتال کے مجموعی انتظامات کے بارے میں ان کی رائے حاصل کی، جو تسلی بخش رہی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار، عمارت کی دیکھ بھال، فارمیسی کے انتظامات اور طبی سہولیات کی دستیابی کو مسلسل بہتر رکھا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کو معیاری علاج معالجے اور بہتر سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت نہیں ہونی چاہیے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.