ڈپٹی کمشنر جہلم کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہری، شہریوں کے انفرادی و اجتماعی مسائل کی سماعت، فوری اور مؤثر حل کی ہدایت

0

ڈپٹی کمشنر جہلم کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہری، شہریوں کے انفرادی و اجتماعی مسائل کی سماعت، فوری اور مؤثر حل کی ہدایت

جہلم (اقبال خان): ڈپٹی کمشنر جہلم محترمہ عاصمہ اعجاز چیمہ نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کو براہِ راست ضلعی انتظامیہ تک رسائی فراہم کرنے اور ان کے مسائل سننے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں شہریوں کے انفرادی اور اجتماعی مسائل سنے گئے اور انہیں درپیش شکایات اور مشکلات سے آگاہی حاصل کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل پر متعلقہ افسران سے ضروری معلومات بھی حاصل کیں۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں موصول ہونے والی تمام شکایات کا میرٹ پر جائزہ لیا جائے اور ان کے فوری، مؤثر اور قابلِ عمل حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی شکایات کو نظر انداز کرنے، غیر ضروری تاخیر اور ذمہ داریوں سے غفلت کی کوئی گنجائش نہیں، ہر درخواست پر مقررہ طریقہ کار کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر محترمہ عاصمہ اعجاز چیمہ نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کا بنیادی مقصد شہریوں کو ضلعی انتظامیہ تک براہِ راست رسائی دینا اور ان کے مسائل کی بروقت شنوائی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کا حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، شہریوں کی شکایات پر مؤثر کارروائی کی جائے گی اور کسی بھی سطح پر غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.