محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ کا غیر قانونی طور پر گندم کی زہریلی گولیوں کی فروخت کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن

بھاری مقدار میں گولیاں برآمد، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی کارروائی شروع

0

جہلم ( اقبال خان)محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ کا غیر قانونی طور پر گندم کی زہریلی گولیوں کی فروخت کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، بھاری مقدار میں گولیاں برآمد، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی کارروائی شروع

ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ کے چھاپے، غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی

محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ نے گندم میں استعمال ہونے والی انتہائی زہریلی گولیوں کی غیر قانونی خرید و فروخت اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کارروائی کے دوران گولیاں برآمد کر لیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ ڈاکٹر مہوش رضا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ اورنگزیب نے متعلقہ ٹیم کے ہمراہ بجوالا نکا خلاص پور اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور غیر قانونی طور پر فروخت کی جانے والی زہریلی گولیاں قبضے میں لے لیں۔

کارروائی کے دوران غیر قانونی کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تھانہ چوٹالہ میں ایف آئی آر کے اندراج کے لیے درخواست جمع کروا دی گئی۔

اس موقع پر محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ کے افسران نے کہا کہ گندم کی حفاظت کے لیے استعمال ہونے والی یہ گولیاں انتہائی زہریلی اور انسانی جان کے لیے نہایت خطرناک ہیں۔ ان کی غیر قانونی دستیابی معاشرے کے لیے سنگین خطرہ ہے، کیونکہ ان زہریلی گولیوں کے استعمال سے خودکشی اور حادثاتی اموات کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں، جن میں خواتین اور کم سن بچے بھی متاثر ہوتے ہیں۔

افسران نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے اس معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی کو بھی انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ غیر قانونی خرید و فروخت، ذخیرہ اندوزی اور ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسی زہریلی گولیوں کی غیر قانونی فروخت یا ذخیرہ اندوزی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.