
جہلم: یوم اقبال کے موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا پیغام
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی یاد میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبالؒ کی فکر اور ان کے انقلابی نظریات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں جو ہمیں خودی، اتحاد، حریت اور خود اعتمادی کی بنیاد پر اپنی زندگی کو سنوارنے کا درس دیتے ہیں۔ اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک مقصد اور منزل کی نشاندہی کی اور ان کے اندر آزاد اور خودمختار زندگی گزارنے کا جذبہ پیدا کیا۔ اقبالؒ کی شاعری محض ادبی نہیں بلکہ ایک فلسفہ ہے جو آج بھی زندہ ہے اور ہمارے قومی کردار کو مضبوط بناتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کا تصور خودی ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ ہم اپنی ذات کو پہچانیں، اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کریں اور دوسروں پر انحصار کیے بغیر خود کو مضبوط بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقبالؒ نے اپنی شاعری اور فلسفیانہ فکر کے ذریعے مسلمانوں کو بیداری اور خود شناسی کی تعلیم دی، جس کا مقصد انہیں ایک باوقار اور آزاد قوم بنانا تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے نوجوانوں کو اقبالؒ کے نظریات کو اپنی عملی زندگی میں اپنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ آج کے نوجوان کو چاہیے کہ وہ اقبالؒ کے اس پیغام کو سمجھیں اور اس پر عمل کریں۔ اقبالؒ نے اپنی نظموں میں نوجوانوں کو شاہین کی مانند بلند پروازی کا درس دیا جو اپنے عزم اور خود اعتمادی سے ہر مشکل کا سامنا کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان اقبالؒ کی فکر کو اپنائیں اور اپنے وطن کی خدمت اور ترقی کے لئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔ میثم عباس نے کہا کہ آج پاکستان کو جن چیلنجز کا سامنا ہے، ان کا حل اقبالؒ کی فکر میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے ہمیں اسلامی روایات اور اقدار کے ساتھ جڑنے کا درس دیا اور ہمیں ایک ایسا معاشرہ بنانے کی طرف گامزن کیا جو انصاف، مساوات اور بھائی چارے پر مبنی ہو۔ اقبالؒ کی فکر ہمیں یاد دلاتی ہے کہ اپنی قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہمیں متحد ہونا ہوگا اور ہر قسم کے تعصبات سے بالاتر ہو کر ایک قوم کی طرح کام کرنا ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ہمیں اقبالؒ کی تعلیمات کو یاد رکھتے ہوئے اپنے کردار اور اپنی زندگی کو بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اقبالؒ کی تعلیمات کو نہ صرف اپنی ذاتی زندگی میں اپنائیں بلکہ ان کی روشنی میں قومی و عالمی مسائل کا حل تلاش کریں۔ اگر ہم اقبالؒ کے پیغام پر خلوص دل سے عمل کریں تو ایک مضبوط، خودمختار اور خوشحال پاکستان کا خواب پورا ہو سکتا ہے۔ علامہ اقبالؒ کا یہ پیغام ہم سب کے لئے ہے کہ ہم اپنی زندگی کے مقصد کو پہچانیں اور اس دنیا میں اپنا مثبت کردار ادا کریں تاکہ پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور مضبوط ملک بنایا جا سکے۔ یوم اقبال پر ہمیں اقبالؒ کی عظیم خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے فلسفے اور فکر کو اپنی نسلوں تک پہنچانا چاہیے، تاکہ وہ بھی اسی عزم و ہمت کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کریں۔