
جہلم ( ملک فدا حسین اعوان ) پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں، پنجاب میں ہر پولیو مہم میں لاکھوں بچوں کو ویکسین دے کر عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا رہا ہے یہ بات وزیر اعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن برائے پولیو عظمیٰ کاردار نے ڈی سی آفس جہلم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ جس میں ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور محکمہ صحت کے افسران، پولیو مہم کے انچارجز نے شرکت کی۔ سی او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر حیات نے فوکل پرسن برائے پولیو کو بریفنگ میں بتایا کہ ضلع جہلم میں امسال تین پولیو مہم مکمل ہو چکی ہیں جبکہ اگلی پولیو مہم 16 تا 20 دسمبر کو ہو گی جس میں 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم کے حوالے سے ضلع جہلم پنجاب کے بہترین پرفارم کرنے والے پہلے تین اضلاع میں شامل ہے اور ضلع جہلم میں پولیو کا کوئی کیس نہیں ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن نے ضلع جہلم میں پولیو ٹیموں کی بہترین کارکردگی پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ کاردار نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اس حوالے سے سخت ہدایات ہیں کہ پنجاب میں کوئی بچہ بھی پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پولیو ٹیموں کی کارکردگی تین مختلف مراحل میں چیک کی جاتی ہے انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کےلئے میڈیا کا بہت اہم کردار ہے میڈیا کی جانب سے کسی مسئلے کی نشاندہی پر فوری ایکشن لیا جاتا ہے پولیو ٹیموں کو تمام ضروری وسائل مہیا کئے جارہے ہیں ۔ عظمیٰ کاردار نے امید ظاہر کی کہ والدین اور میڈیا کے تعاون سے پنجاب کو جلد پولیو فری صوبہ بنایا جائے گا۔