
دینہ پنڈوڑی میں تیتر کے شوقین حضرات کا عظیم الشان اجتماع، لائسنس کی بحالی کا مطالبہ
دینہ (محمد افضل سے) پاکستان بھر اور آزاد کشمیر سے سیاہ تیتر کے شوقین حضرات دینہ پنڈوڑی میں ایک عظیم الشان اجتماع کے لیے اکٹھے ہوئے۔ اس اجتماع کا مقصد تیتر کے شوق کو فروغ دینا اور اس کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات پر زور دینا تھا۔
تقریب میں صدر سیاہ تیتر ایسوسی ایشن پنجاب، ندیم اصغر شیخ، نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیاہ تیتر کے شکار کے لائسنس پر عائد پابندی ختم کی جائے اور قانونی طور پر لائسنس بحال کیے جائیں تاکہ شوقین حضرات قانون کے دائرے میں رہ کر اپنے شوق کو جاری رکھ سکیں۔ ساتھ ہی، انہوں نے غیر قانونی شکار پر سخت پابندی عائد کرنے پر بھی زور دیا تاکہ نایاب پرندوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
چیئرمین سیاہ تیتر ایسوسی ایشن پنجاب، رضوان حسن مون ڈب، نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس اجتماع کو تیتر کے شوقین افراد کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک سنہری موقع ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے ہمارے مطالبات پر غور کریں اور تیتر کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔
صدر آل تریر سیاہ تیتر ایسوسی ایشن، فیصل امین زرگر، نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیتر کے شوقین حضرات فطرت کے تحفظ کے لیے سنجیدہ ہیں اور قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے اس شوق کو پروان چڑھانے کے خواہشمند ہیں۔
شرکاء نے حکومت سے پرزور اپیل کی کہ سیاہ تیتر کے شکار کے لیے لائسنس کا دوبارہ اجراء کیا جائے اور غیر قانونی شکار کی روک تھام کے لیے مزید سخت قوانین متعارف کروائے جائیں۔ اجتماع کے آخر میں تمام مہمانوں کے لیے خصوصی عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔