ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا میونسپل افسران اور جہلم پولیس کے ہمراہ 21 رمضان یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے روٹ کا پیدل دورہ

جہلم(اقبال خان ): ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا میونسپل افسران اور جہلم پولیس کے ہمراہ 21 رمضان یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے روٹ کا پیدل دورہ ۔ جلوس کے راستے میں تمام رکاوٹوں، تجاوزات کو ختم کرنے کی ہدایت۔ سکیورٹی پلان پر ڈی ایس پی کی ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ۔ تفصیلات کے مطابق 21 رمضان المبارک کو یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر جہلم شہر کے ماتمی جلوس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، سی ای او میونسپل کمیٹی مبارک علی خان، ڈی ایس پی سٹی اور دیگر افسران نے جلوس کے روٹ کا جائزہ لینے کے لیے جلوس کے نقطہ آغاز سے اختتام تک پیدل دورہ کیا۔ اس موقع پر لائسنس داران ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے جلوس کے روٹ میں آنے والی تمام تجاوزات کو فوری طور پر ہٹانے اور سیکیورٹی کیمرے نصب کرنے کے ساتھ ساتھ صفائی کے بہترین انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے جلوس کے راستے میں آنے والی تمام گلیوں اور سڑکوں کی بندش کے حوالے سے ڈی ایس پی سٹی سے تفصیلات معلوم کی۔ ڈی ایس پی سٹی نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ جہلم پولیس نے جلوس کی حفاظت کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے۔ جس کے تحت جلوس کے راستے میں تمام لنک راستوں کو مکمل طور پر بند کیا جائے گا اور جلوس کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جائے گی جبکہ سینکڑوں پولیس اہلکار قانون نافذ کرنے والے دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکار جلوس کی حفاظت پر مامور ہوں گے جس کی نگرانی ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو خود کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے سی ای او میونسپل کمیٹی کو ہدایت کی کہ جلوس کے راستے سے تمام رکاوٹوں کو ہٹا کر تمام نالوں، نالیوں اور گلیوں کی بہترین صفائی کی جائے اور اس حوالے سے بروقت انتظامات کر کے رپورٹ پیش کی جائے ڈپٹی کمشنر نے لائسنس داروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ جلوس کے پرامن انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اس حوالے سے کسی قسم کی شکایت کی صورت میں متعلقہ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی یا ڈپٹی کمشنر آفس کے کنٹرول روم 24 گھنٹے متحرک ہوں گے