
جہلم: ( اقبال خان)پنجاب میں ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری کے لیے حکومت پنجاب متحرک، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا جہلم کا دورہ، ٹرانسپورٹ سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ضلع جہلم کا دورہ کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور ضلعی افسران سے ملاقات کے دوران جہلم شہر میں انٹرا سٹی اور بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ کے نظام پر بریفنگ لی۔ آر ٹی اے حکام نے گاڑیوں کی فٹنس، لائسنس کے اجرا اور اڈوں کے انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے شجرکاری مہم کے تحت ڈپٹی کمشنر آفس کے احاطہ میں پودا بھی لگایا جس کا مقصد ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینا تھا۔ بعد ازاں بلال اکبر خان نے جنرل بس سٹینڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مسافروں کے لیے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور ٹرانسپورٹ یونین کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ تمام بس و ویگن اسٹینڈز پر مقررہ کرایوں کی پابندی، گاڑیوں کی مکمل فٹنس اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیح ہے۔