پنجاب میں سیلاب سے 15 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے: پی ڈی ایم اے
منگلا ڈیم 80 فیصد اور تربیلا ڈیم 100 فیصد بھر چکا ہے، جبکہ انڈیا کے بھاکڑا ڈیم میں پانی کی سطح 84 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کی ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کے مطابق:
سیلابی صورتحال سے 2,308 موضع جات متاثر اور 15 لاکھ 16 ہزار افراد متاثر ہوئے۔
چار لاکھ 81 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ 511 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے۔
متاثرہ اضلاع میں 351 میڈیکل کیمپس اور 321 ویٹرنری کیمپس بھی قائم ہیں، اب تک چار لاکھ پانچ ہزار مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
دریائے چناب میں مرالہ پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 11 ہزار کیوسک، خانکی پر ایک لاکھ 70 ہزار، قادرآباد پر ایک لاکھ 71 ہزار اور ہیڈ تریموں پر ایک لاکھ 46 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
دریائے راوی میں جسڑ پر 78 ہزار کیوسک، شاہدرہ پر ایک لاکھ 38 ہزار کیوسک اور بلوکی پر ایک لاکھ 99 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔
دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا پر بہاؤ تین لاکھ تین ہزار کیوسک ہے جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر ایک لاکھ 38 ہزار کیوسک پانی موجود ہے۔
منگلا ڈیم 80 فیصد اور تربیلا ڈیم 100 فیصد بھر چکا ہے، جبکہ انڈیا کے بھاکڑا ڈیم میں پانی کی سطح 84 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
ریلیف کمشنر نبیل جاوید کے مطابق حالیہ سیلاب میں 30 افراد ہلاک اور لاہور میں آسمانی بجلی گرنے سے مزید دو اموات رپورٹ ہوئیں۔
ریلیف کمشنر نے کہا کہ شہریوں اور کسانوں کے نقصانات کا ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔
انھوں نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں منڈی بہاؤالدین میں 81 ملی میٹر، حافظ آباد میں 63 ملی میٹر، جہلم میں 50 ملی میٹر، سیالکوٹ میں 47 ملی میٹر اور لاہور میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کا نواں سپیل جاری ہے اور بارشوں کا یہ سلسلہ 2 ستمبر تک رہنے کا امکان ہے۔