دینہ ( اقبال خان ) دینہ میں اسٹینڈز کے مسائل کا مستقل حل نکال لیا گیا!
دینہ: گزشتہ چند روز سے دینہ شہر میں کار اسٹینڈ، ٹیکسی اسٹینڈ، لوڈ اسٹینڈ اور سہولت بازار کے حوالے سے تاجر برادری اور عوام الناس کو درپیش مسائل نے سنگین صورت اختیار کر لی تھی، جس سے امن و امان کے حالات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔
وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے صحت میجر جنرل ڈاکٹر اظہر محمود کیانی (ر) اور وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلویز بلال اظہر کیانی کو جب اس صورتحال کا علم ہوا تو انہوں نے فوری طور پر اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔ ان ہدایات کے تحت حمزہ اظہر کیانی نے ڈپٹی کمشنر جہلم کے ہمراہ اہم میٹنگ منعقد کی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر دینہ، ڈی ایف او دینہ اور متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔
میٹنگ میں تمام فریقین کے مابین مفاہمت اور باہمی رضامندی سے مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایت پر، اسسٹنٹ کمشنر دینہ اور کوآرڈینیٹر راجہ تفضل علی نے تمام اسٹینڈز کے سربراہان اور نمائندوں سے مشاورت کر کے ان کے مسائل کے تسلی بخش حل نکالے۔
اس عمل کے نتیجے میں نہ صرف موجودہ مسائل کا فوری حل نکال لیا گیا ہے بلکہ مستقبل میں ایسے مسائل کے دوبارہ پیدا ہونے کے امکانات کو بھی کم کر دیا گیا ہے۔
