ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت روزانہ کی بنیاد پر اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا

0

جہلم (اقبال خان): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت روزانہ کی بنیاد پر اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس عوامی کچہری میں جہلم اور گردونواح کے علاقوں سے شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور ڈپٹی کمشنر کے سامنے اپنے مختلف مسائل اور شکایات پیش کیے۔
​ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر شہریوں کے مسائل کو انتہائی توجہ اور لگن کے ساتھ سنا۔ میر رضا اوزگن نے زور دیا کہ عوامی مسائل کا فوری اور موثر حل نکالنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ اوپن ڈور پالیسی کے تحت منعقد ہونے والی یہ کچہری شہریوں اور انتظامیہ کے درمیان اعتماد کے تعلق کو مضبوط کرتی ہے۔
​میر رضا اوزگن نے شہریوں کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل کا حل میرٹ، قانون اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شہری جو انتظامی یا حکومتی سطح پر کسی بھی مسئلے کا شکار ہو، وہ روزانہ کی بنیاد پر آ کر انتظامیہ تک اپنا مسئلہ پہنچا سکتا ہے۔
​انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ شکایات پر کسی قسم کی تاخیر کیے بغیر فوری عملدرآمد شروع کیا جائے اور آئندہ کچہری میں رپورٹ پیش کی جائے کہ شکایات کا کس حد تک ازالہ ہو چکا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوامی ریلیف فراہم کرنے میں غفلت یا غیر ذمہ داری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.