حرا سکول کوٹ دھمیک کے زیرِ اہتمام ایک روزہ شاندار سپورٹس گالا کا انعقاد
مہمانِ خصوصی اسد بخاری پرنسپل حرا سکول سوہاوہ تھےجنہوں نے تقریب میں شرکت کی اور کامیاب انعقاد پر سکول انتظامیہ اور اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
سوہاوہ:(محمدنبیل حسن)تفصیلات کیمطابق گزشتہ روز حرا سکول کوٹ دھمیک کی جانب سے سر جلال کے مقام پر سالانہ سپورٹس ڈے کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ اس سپورٹس ڈے کا مقصد طلبہ میں جسمانی سرگرمیوں کو فروغ دینا، صحت مند مقابلے کی فضا پیدا کرنا اور بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا تھا۔اس موقع پر مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے جن میں رسہ کشی، کرکٹ، فٹبال اور دوڑ کے مقابلے شامل تھے۔ اس کے علاوہ نرسری اور پرائمری کے ننھے منے بچوں کے لیے بھی دلچسپ اور تفریحی گیمز کا اہتمام کیا گیا، جن سے بچوں نے بھرپور لطف اٹھایا۔تقریب پرنسپل حرا سکول کوٹ دھمیک سر نعیم قمر کی زیرِ نگرانی منعقد ہوئی، جنہوں نے بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لیے ضروری ہیں بلکہ نظم و ضبط، ٹیم ورک اور اعتماد بھی پیدا کرتے ہیں۔اس پروگرام کے مہمانِ خصوصی اسد بخاری پرنسپل حرا سکول سوہاوہ تھےجنہوں نے تقریب میں شرکت کی اور کامیاب انعقاد پر سکول انتظامیہ اور اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بچوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے پروگرام طلبہ کی ہمہ جہت تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔