ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر جہلم شمس عباس کی زیر نگرانی ضلع بھر کے تمام کریانہ سٹورز پر سرکاری آٹے کی وافر دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے

0

جہلم (اقبال خان): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر جہلم شمس عباس کی زیر نگرانی ضلع بھر کے تمام کریانہ سٹورز پر سرکاری آٹے کی وافر دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ محکمہ خوراک کی خصوصی ٹیمیں مختلف مارکیٹوں اور سٹورز کا معائنہ کر رہی ہیں تاکہ سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل پیدا نہ ہو۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے واضح کیا کہ معیار اور مقدار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
​ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شمس عباس نے آٹے کی سپلائی چین اور معیار کا معائنہ کرتے ہوئے دکانداروں کو سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں یا گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انتظامیہ کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر سٹاک کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ فراہمی کا عمل شفاف رہے۔
​ضلعی انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں متحرک ہیں اور تمام تحصیلوں میں آٹے کے پوائنٹس کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ وہ ذخیرہ اندوزوں پر کڑی نظر رکھیں اور سرکاری سپلائی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف فوری قانونی چارہ جوئی کریں۔ اس مہم کے ذریعے تمام علاقوں میں سرکاری قیمتوں پر معیاری آٹے کی بلا تعطل فراہمی کو برقرار رکھا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.