ذخیرہ اندوزوں کے خلاف رمضان سےقبل کریک ڈاؤن شروع کیا جائے تاکہ مصنوعی مہنگائی کا سدِباب ہو سکے,ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن

0

ماہِ مقدس میں سستی اشیاء کی فراہمی: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت اہم اجلاس
​جہلم (اقبال خان) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ماہِ مقدس کے دوران عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ماہِ مقدس کے دوران رمضان سہولت بازاروں کے قیام اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی حکمت عملی طے کی گئی۔
​اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں لگائے جانے والے رمضان سہولت بازاروں میں چینی، آٹا، گھی، پھلوں اور سبزیوں کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پیرا فورس اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو حکم دیا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ابھی سے کریک ڈاؤن شروع کیا جائے تاکہ مصنوعی مہنگائی کا سدِباب ہو سکے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ان سہولت بازاروں اور عام مارکیٹس میں اشیاء کے معیار اور قیمتوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔
​ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی واضح ہدایات ہیں کہ ماہِ مقدس میں عام آدمی کو گراں فروشوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں اور تجاوزات کرنے والوں کے خلاف پیرا فورس بھرپور کارروائی کرے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانوں کے ساتھ جیل بھیجا جائے گا تاکہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.