طبی سہولیات کا جائزہ: اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ

0

طبی سہولیات کا جائزہ: اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ
جہلم(اقبال خان) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، فارمیسی اور لیبارٹری میں صفائی ستھرائی کے انتظامات اور ادویات کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے ہسپتال میں زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور ان کو ادویات کی فراہمی میں کوئی دشواری پیش نہ آنے دی جائے۔ انہوں نے ڈیوٹی روسٹر کے مطابق ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری کو بھی چیک کیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی واضح ہدایات ہیں کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے سائلین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کو مفت ادویات کی فراہمی اور بروقت علاج یقینی بنانے کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں ہسپتالوں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ جاری رکھیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.