منگلا پل پر یومِ یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب، رانا مشہود احمد خان اور ڈی سی جہلم کی قیادت میں انسانی ہاتھوں کی طویل زنجیر، کشمیریوں سے بھرپور اظہارِ یکجہتی.

0

دینہ:( اقبل خان) منگلا پل پر یومِ یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب، رانا مشہود احمد خان اور ڈی سی جہلم کی قیادت میں انسانی ہاتھوں کی طویل زنجیر، کشمیریوں سے بھرپور اظہارِ یکجہتی. تفصیلات کے مطابق یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے تاریخی منگلا پل پر یکجہتی کا ایک عظیم الشان مظاہرہ کیا گیا جس میں چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس پروقار تقریب میں سرکاری افسران، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے منگلا پل پر انسانی ہاتھوں کی طویل زنجیر بنا کر دنیا کو کشمیر کی آزادی کا مضبوط پیغام دیا جبکہ فضا نعرہ تکبیر اور کشمیریوں کے حق میں لگنے والے نعروں سے گونج اٹھی۔تقریب کے دوران منگلا کے مقام پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے افسران نے مصافحہ کیا جو دونوں خطوں کے مابین لازوال رشتے اور اتحاد کی بے مثال علامت بن کر سامنے آیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی قوم خصوصاً نوجوان اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہدِ آزادی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں، لہٰذا عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لے۔ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ انسانی زنجیر میں شریک ضلع بھر کی عوامی و سماجی شخصیات اور شہریوں کے سمندر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔ تقریب کے اختتام پر کشمیری شہداء کی بلندیِ درجات اور تحریکِ آزادی کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.